ہندو مذہب کے قدیمی شادانی دربار حیات پتافی(سندھ )کی یاترا اور شو اوتاری ست گورو سوامی شادارام کے یوم پیدائش کی تقریبات کے لیے سائیں یوڈھشٹر لال کی سربراہی میں بھارت سے 84ہندو یاتری واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچ گئے۔جہاں پر متروکہ وقف املاک بورڈ کے ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز سیف اللہ کھوکھر نے استقبال کیا اورچیئرمین بورڈ سید عطاء الرحمٰن کی طرف سے ہندو یاتریوں کی پاکستان آمد پر پھولوں کے گلدستے پیش کیے ۔ ڈپٹی سیکرٹری عمر جاوید اعوان،سیکیورٹی آ فیسر عاصم چوہدری بھی اس موقع پر موجود تھے۔واہگہ بارڈر پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل سیکرٹری سیف اللہ کھوکھر نے کہا کہ متروکہ وقف املاک بورڈ کے زیر انتظام فول پروف سیکورٹی ،میڈیکل سمیت تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔
ہندو یاتری واہگہ بارڈر سے براہ راست شادانی دربار حیات پتافی روانہ ہو گئے۔جہاں پر مرکزی تقریبات منعقد ہوں گے اور مذہبی رسومات ادا کی جائیں گی۔ ہندو یاتری صوبہ سندھ میں واقع دربار حیات پتافی ،میر پور میتھلو،یوگ ماتا مندر عاقل پور ، گھوٹکی،پنو عاقل ، اور سکھر میں موجودقدیمی سادھو بیلہ مندر اور دیگر مذہبی مقامات کا دورہ کریں گےجبکہ 14جنوری کو ایک روز ننکانہ صاحب میں قیام کریں گے ۔یاتری دورہ پاکستان مکمل ہونے 15جنوری کو واپس بھارت روانہ ہوں گے ۔


