A high-level meeting was held at the ETPB Head Office to review arrangements for the upcoming celebrations of Baba Guru Nanak Dev Ji’s 556th birth anniversary.
متروکہ وقف املاک بورڈ کے ہیڈ آفس میں بابا گورو نانک دیو جی کے 556ویں جنم دن کی تقریبات کے انتظامات کے سلسلے میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق نے کی، جبکہ چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ ڈاکٹر ساجد محمود چوہان نے ویڈیو لنک کے ذریعے خصوصی طور پر شرکت کی۔
اجلاس میں پولیس، رینجرز، کسٹمز، امیگریشن، ریسکیو 1122، لیسکو، سوئی گیس، محکمہ صحت اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ، ضلعی و صوبائی انتظامی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران سکھ یاتریوں کی آمد، قیام و طعام، رسومات کی ادائیگی، سفری سہولیات اور فول پروف سیکورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
چیئرمین ڈاکٹر ساجد محمود چوہان نے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مذہبی عبادات اور یاترا کی آزادی انسانی و مذہبی حقوق کا بنیادی حصہ ہے۔ہم پر امید ہیں کہ زیادہ سے زیادہ بھارتی سکھ یاتری بابا گورو نانک دیو جی کے جنم دن کی تقریبات میں شریک ہوں گےپاکستان ہمیشہ کی طرح بھارت سمیت دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتریوں کی بھرپور میزبانی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے متروکہ وقف املاک بورڈ اور پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔
ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق نے کہا کہ یاتریوں کے لیے میڈیکل سہولیات، قیام و طعام اور سفری سہولتوں کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے اور اس مقصد کے لیے بہترین ایئر کنڈیشنڈ بسیں فراہم کی جائیں گی۔ امیگریشن ،بجلی سوئی گیس کی متواتر فراہمی کی سہولیات کو یقینی بنایا جائے گا ۔یاتریوں کے لیے تمام رہائیشی مقامات پر میڈیکل کی سہولیت میسر ہو ں گی جبکہ ریسکیو 1122 کی دوخصوصی ایمبو لینس یاتریوں کےہر 20 بسوں کے قافلوں کے ہمراہ موجود ہوں گی۔ تمام مقامات پر ڈینگی سے بچاو کے لیے اسپرے کروائے جائیں گے۔ جنم دن کے موقع پر گورو دواہ جنم استھان ،گوردوارہ پنجہ صاحب ،گورو دوارہ ڈیرہ صاحب سمیت دیگر مذہبی عبادت گاہوں کو خوبصورت روشنیوں سے سجایا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے سکھ یاتریوں کی دل کھول کر میزبانی کرتا رہا ہے اور اس بار بھی یاتری پاکستان سے محبت اور خوشگوار یادوں کے ساتھ واپس جائیں گے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ دوطرفہ معاہدے کے تحت جنم دن کی تقریبات کے لیے تقریباً 3 ہزار سکھ یاتری ہر سال پاکستان آتے ہیں۔ طے شدہ شیڈول کے مطابق یاتری 4 نومبر کو واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچیں گے جہاں پر انکا پر تپاک اور آرام دہ استقبال کیا جائے گا ۔امیگریشن مکمل ہونے کے بعد یاتریوں کو سخت سیکورٹی میں براہ راست ننکانہ صاحب گوردوارہ جنم استھان منتقل کیا جائے گا۔ بابا گورو نانک دیو جی کے 556ویں جنم دن کی مرکزی تقریب 5 نومبر کو گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں منعقد ہوگی۔
