متروکہ وقف املاک بورڈ کے 359ویں اجلاس کا دوسرا روز، 13 اہم ایجنڈا آئٹمز زیر بحث
مالیاتی و انتظامی معاملات میں بہتری، مذہبی ورثے کے تحفظ اور اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود کے لیے مؤثر اقدامات کے جائیں گے چیئرمین بورڈ قمر الزمان
اقلیتی عبادت گاہوں کی تزئین و آرائش ،اقلیتی طلبہ کے لیے اسکالرشپس اور مذہبی ورثے کے تحفظ کے منصوبے زیر بحث آئے
جیو ٹیگنگ کا عمل مکمل کرنے کے لیے سروے آف پاکستان کی مدت میں 31 دسمبر 2027 تک توسیع کی منظوری دی گئی
لاہور ( ) متروکہ وقف املاک بورڈ کے 359ویں دو روزہ اجلاس چیئرمین بورڈ قمرالزمان کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، آخری روز میں بورڈ ممبران نے 13 اہم ایجنڈا آئٹمز پر غور و خوض کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری بورڈ ناصر مشتاق نے ہندو اور سکھ مذہبی املاک کی بحالی و تزئین و آرائش، اقلیتی طلبہ کے لیے اسکالرشپس، جیو ٹیگنگ اور ادارے کے مالیاتی و انتظامی اموربورڈ کے سامنے پیش کیے ۔گوردوارہ بھائی جوگا سنگھ پشاور کی 101.231 ملین روپے کی لاگت سے جاری بحالی و تعمیرِ نو کے منصوبے پر بورڈ ممبران کو پیش رفت سے آگاہ کیا گیا، جبکہ گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال کے قریب سکھ یاتریوں کے لیے جدید رہائشی سہولیات کی تعمیر کی تجویز بھی پیش کی گئی۔
اجلاس میں بورڈ ممبران،سابق ایم پی اے اختیار ولی خان، ایڈووکیٹ علی رضا ، سردار تارا سنگھ ،ڈاکٹر سویرہ پرکاش، اجے کمار، اظہار الحسن، کرشن شرما، بریگیڈیئر خالد صدیق (ر)، ڈاکٹر ممپال سنگھ، سردار سرجیت سنگھ کنول، مس منمیت کور مشال، سردار اندر جیت سنگھ، میثاق عارف، مس لیلا کلپنا اور ستونت کور سمیت دیگر ممبران نے شرکت کی۔ اس موقع پر متعلقہ سرکاری محکموں کے نمائندگان بھی موجود تھے
اجلاس میں ٹرسٹ پراپرٹیز کی جیو ٹیگنگ کا عمل مکمل کرنے کے لیے سروے آف پاکستان کی مدت میں 31 دسمبر 2027 تک توسیع کی منظوری دی گئی ۔ اس کے علاوہ 200 ہندو اور سکھ طلبہ کو ماہانہ اسکالرشپس کی ادائیگی کے معاملے پر بھی بحث کی گئی۔اجلاس میں مالی سال 2025-26 اور 2026-27 کے بجٹ تخمینوں کی توثیق، فکسڈ ڈپازٹس اور ماہانہ ورکنگ بیلنس 350 ملین روپے سے بڑھا کر 500 ملین روپے کرنے کے ایجنڈے زی بحث آئے ۔بورڈ کی ٹرسٹ پراپرٹیز کے بہتر استعمال، انہیں منافع بخش بنانے اور مختلف ترقیاتی منصوبوں کو محکمانہ سطح پر تیار کرنے کی تجاویز بھی اجلاس کے ایجنڈے کا حصہ رہیں۔اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ادارے کے مالیاتی و انتظامی معاملات میں بہتری، مذہبی ورثے کے تحفظ اور اقلیتی برادریوں کی فلاح و بہبود کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
