اقلیتوں کے مذہبی مقامات اور ٹرسٹ جائیدادو ں کا تحفظ اولین ترجیح ہے قمر الزمان
شفافیت، احتساب اور میرٹ کو ہر سطح پر یقینی بنایا جائے گا چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ
نو تعینات چیئرمین بورڈ کی عہدہ سنبھالنے کے بعد ہیڈ آفس میں افسران سے گفتگو
لاہور ( )
متروکہ وقف املاک بورڈ کے نو تعینات چیئرمین قمر الزمان نے باضابطہ طور پر اپنے عہدے کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔چیئرمین بورڈ کی زیر صدارت ہیڈ آفس 9 کورٹ سٹریٹ میں تمام برانچ سربراہان کے ساتھ ایک تعارفی اجلاس منعقد ہوا، جس میں چیئرمین کو بورڈ کے مختلف شعبہ جات کی کارکردگی، انتظامی امور اور جاری منصوبوں پر سیکرٹری بورڈ فرید اقبال نے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق ،ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن ثنا اللہ خان اور تمام برانچز کے سربراہان نے شرکت کی۔ چیئرمین بورڈ کو املاک، شرائنز، فنانس، ایچ آر، لیگل اور ایڈمنسٹریشن سمیت شعبہ جات کی کارکردگی، درپیش چیلنجز اور مستقبل کے اہداف سے آگاہ کیا۔
عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے اجلاس میں انہوں نے کہا کہ متروکہ وقف املاک بورڈ کے زیر انتطام،گورو دواروں ، مندروں ،مذہبی مقامات اور متروکہ جائیدادو ں کے تحفظ بحالی اور موثر انتظام کو اولین ترجیح دی جائے گی ،چیئرمین قمر الزمان نے واضح کیا کہ شفافیت، احتساب اور میرٹ کو ہر سطح پر یقینی بنایا جائے گا ۔چیئرمین نے ادارے کی مجموعی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے ٹیم ورک کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام افسران اور ملازمین باہمی تعاون کے ساتھ کام کریں تاکہ بورڈ کے اہداف مؤثر انداز میں حاصل کیے جا سکیں۔انہوں نے ہیومن ریسورس (HR) کے نظام میں بہتری کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسٹاف کی پیشہ ورانہ تربیت، کارکردگی کی بنیاد پر جائزہ، اور عملے کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے تاکہ ایک مضبوط اور فعال ادارہ تشکیل دیا جا سکے۔
چیئرمین قمر الزمان نے ہدایت کی کہ تمام برانچز اپنے امور میں شفافیت، نظم و ضبط اور ذمہ داری کے اصولوں کو اپنائیں اور ادارے کو ایک جدید، فعال اور جوابدہ ادارہ بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں۔


