متروکہ وقف املاک بورڈ حکومت پاکستان
پاکستان سکھ گورو دوارہ پر بندھک کمیٹی کا اجلاس چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ سید عطا الرحمن کی زیر صدارت متروکہ وقف املاک بورڈ ہیڈ آفس میں منعقد ہوا پردھان PSGPC سردار رمیش سنگھ اروڑہ ، ڈپٹی پردھان سردار مہیش سنگھ ممبران ڈاکٹر سردار ممپال سنگھ ،ستونت کور ،سردار تارا سنگھ ،سردار ستونت سنگھ،سردار صاحب سنگھ ،سردار گیان سنگھ چاولہ ،سردار بھگت سنگھ،بابا ہر میت سنگھ سمیت ڈپٹی سیکرٹری شرائنز عبد اللہ اویس ،سیکورٹی آفیسر عاصم چوہدری و دیگر نے اجلاس میں شرکت کی ۔
چیئرمین بورڈ سید عطا الرحمن نے کہاکہ سکھ یاتریوں کی سہولیات ، گورو دواروں کی تزئین آرائش اور مذہبی سیاحت کے فروغ کے لیے ہر ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے ۔ اجلاس میں چیئرمین بورڈ نے گورو دواروں میں انتظامات و اخراجات ، سیوا دار ،گرنتھی کی تعداد بڑھانے سمیت جنم دن اور دیگر اخراجات کی منظوری دی۔ PSGPCکے سیکرٹریٹ بنانے اور اسٹاف کی تعینات کا ایجنڈا زیر بحث آیا جبکہ اجلاس میں بابا گرو نانک دیو جی کے 555 ویں جنم دن کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا گیا ۔
پردھان پاکستان سکھ گورو دوارہ پر بندھک کمیٹی و صوبائی وزیر سردار رمیش سنگھ اروڑ ہ نے کہا کہ اس بار بابا گورو نانک جنم دن “پرکاش پرب “ بھر پور انداز میں منایا جائے گا ۔یاتریوں کو رہائش ،ٹرانسپورٹ ،لنگر کی بہترین سہولیات مہیا کی جائیں گی جبکہ جنم دن کے حوالے سے تمام انتظامی اداروں کے ساتھ مکمل رابطہ میں ہیں ۔سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے چیئرمین متروکہ وقف املا ک اورشرائنز برانچ و انتظامیہ پر بھر پور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یاتریوں کے لیے ہر بار تسلی بخش انتظات کیے جا تے ہیں ۔اس مرتبہ بیرون ملک سے آنے والے یاتری حسین یادیں لیے پاکستان سے واپس روانہ ہوں گے ۔
ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز سیف اللہ کھو کھر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس بار جنم دن کے موقع پر3000 سے زائد انڈین اور 1000 دیگر ممالک سے یاتریوں کی آمد متوقع ہے ۔ یاتریوں کی ویزہ سہولت کے لیے visa automation system کا اجرا کیا گیا ہے تاکہ بیرون ملک سے آنے والے یاتریوں کو ویزہ کے حصول میں آسانی ہو ۔یاتریوں کی دیگر تمام سہولیات بہتر انداز میں مہیا کرنے کے ساتھ ساتھ ٹرانسپورٹ کے لیے خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں ۔سیکورٹی کی ڈیوٹی انجام دینے کے لیے بورڈ کے 100سیکورٹی گارڈز کو اسپشل ٹرینگ دی جا رہی ہے ۔جنم دن کے حوالے سے تمام انتظامات کی نگرانی کی جائے گی تاکہ یاتریوں کی مہمان نوازی میں کوئی کسر باقی نہ ہے ۔
ہمسایہ ملک بھارت سے سکھ یاتری14نومبر جمعرات کو واہگہ چیک پوسٹ کے راستے پاکستان پہنچیں گے ۔بابا گورو نانک دیو جی کے جنم دن کی مرکزی تقریب 15نومبر کو گورو دوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں منعقد ہو گی ۔





