وساکھی میلہ اور326 ویں خالصہ جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے بھارت سے 6700سے زائد سکھ یاتریوں کی واہگہ چیک پوسٹ کے راستے پاکستان آمد پر وزیر مملکت برائے بین المذاہب ہم آہنگی کھیل داس کوہستانی ، پردھان PSGPC سردار رمیش سنگھ اروڑہ، سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ فرید اقبال ،ایڈیشنل سیکرٹری شرائن سیف اللہ کھوکھر دیگر سکھ رہنما وں نے یاتریوں کا استقبال کیا ۔متروکہ وقف املاک بورڈ کے زیر انتظام وساکھی میلہ میلہ کی مرکزی تقریب 14 اپریل کو ننکانہ صاحب میں ہو گی ۔
واہگہ بارڈر پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت کھیل داس کوہستانی نے سکھ یاتریوں کو وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہمب ہم آہنگی سردار محمد یوسف کی جانب سے خوش آمدید کہا اور ویساکھی کے موقع پر مبارکباد کا پیغام دیا ۔پردھان پاکستان سکھ گور و دوارہ پر بندھک کمیٹی سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ تاریخ میں پہلی بارحکومت پاکستان کی جانب سے سکھ یاتریوں کی طرف سے موصول ہونے والی تمام درخواستوں پر ویزے جاری کر کے سکھ قوم کی اپنی مذہبی مقامات کی یاترا کی خواہش کو پورا کر دیا ۔ یاتریوں کو خصوصی طور پر ویزے جاری کرنے پر ہم وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف اور وفاقی وزارت مذہبی امور کی شکر گزار ہیں بھارت سے آئے دہلی گورودوارہ مینجمنٹ کمیٹی کے لیڈر دلجیت سنگھ سرنا نے حکومت پاکستان کی جانب سے پہلی بار اتنی بڑی تعداد میں ویزہ جاری کرنے پر تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ واہگہ بارڈر سے آنے کے بعد واپس جانے تک رہائش میڈیکل اور آرام دہ سفری سہولیات مہیا کی جا تی ہیں ۔ شرومنی گورو دوارہ پر بندھک کمیٹی کے جتھہ لیڈر ویندر سنگھ خالصہ پاکستان آمد پر میڈیا کے نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمارا دوسرا گھر ہے ہمیں یہاں مکمل عزت و احترام دیا جاتا ہے۔
باب آزادی سے پاکستان داخل ہونے کے بعد یاتریوں کو ٹھنڈےمشروبا ت پیش کیےگئے اور لنگرکا خصوصی انتظام کیا گیا ۔یاتریوں کی کسٹم کلیئرنس اور امیگریشن سے فراغت کے بعد ایئر کنڈیشنڈ بسوں میں سوار کر کے سخت سیکورٹی میں روانہ کیا گیا ۔رواں برس پاکستان آ نے والے بھارتی یاتریوں کی تعداد معمول سے زیادہ ہونے کے باعث پہلے سے طے شدہ شیڈول کو تبدیل کرکے یاتریوں کے جتھہ کو دوگرپوں میں تقسیم کرکے ۔ واہگہ آمد کے بعد پہلا گروپ گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال روانہ ہو گیا واہگہ ٹرمینل پر امیگریشن کے بعد دوسرے گروپ کو سخت سیکیورٹی میں گورو دوارہ دریا ر صاحب کرتار پور روانہ کیا گیا ۔ 12 اپریل کو یاتریوں کے دونوں گروپ گورودوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب پہنچیں گے۔ دونوں گروپ کے ارکان 13 اپریل کو گورو دوارہ سچا سودا فاروق آ باد کی یاترا کرنے کے بعد واپس ننکانہ صاحب میں قیام کریں گے۔14 اپریل کو وساکھی میلہ کی مرکزی تقریب گورودوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں منعقد ہو گی۔15 اپریل کو گورو دوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال سے ننکانہ آنے والا گروپ گردوارہ دربار صاحب کرتار پور روانہ ہوگا جبکہ دوسرا گروپ گردوارہ پنجہ صاحب کی یاترا کے لیے حسن ابدال روانہ ہوگا جہاں ایک روز قیام کے بعد 17 اپریل کو سکھ یاتریوں کے دونوں گروپ گردوارہ ڈیرہ صاحب لاہور پہنچیں گے ۔





