وساکھی میلہ اور326 ویں خالصہ جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے بھارت سے سکھ یاتری واہگہ چیک پوسٹ کے راستے آج 10 اپریل کو پاکستان پہنچیں گے،متروکہ وقف املاک بورڈ وزارت مذہبی امور و بین المذاھب ہم آ ہنگی کے زیر انتظام وساکھی میلہ کی مرکزی تقریب 14 اپریل گورو دوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں ہوگی ۔
واہگہ بارڈر آ مد پر پردھان سردار رمیش سنگھ اروڑہ PSGPC سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ فرید اقبال ،ایڈیشنل سیکرٹری شرائن سیف اللہ کھوکھر ،اعلی حکام سمیت دیگر سکھ رہنما یاتریوں کا استقبال کریں گے۔ مذہبی سیاحت کے فروغ کے لیے حکومت نے پاکستان اور بھارت کے درمیان طے شدہ معاہدہ کے برعکس خصوصی طور پر 6751 یاتریوں کو ویز ہ جاری کیا ہے۔ترجمان کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امورو بین المذاھب ہم آ ہنگی سردار محمد یوسف کے احکامات پر یاتریوں کے لیے رہائش اورٹرانسپورٹ،میڈیکل کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ گردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب ، گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال سمیت دیگر کو خوبصورت انداز میں سجایا گیا ہے۔
رواں برس پاکستان آ نے والے بھارتی یاتریوں کی تعداد معمول سے زیادہ ہونے کے باعث پہلے سے طے شدہ شیڈول کو تبدیل کرکے یاتریوں کے جتھہ کو دوگرپوں میں تقسیم کیا گیا ہے ۔ واہگہ آمد کے بعد پہلا گروپ گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال روانہ ہو گا۔ واہگہ ٹرمینل پر امیگریشن کے بعد دوسرے گروپ کو سخت سیکیورٹی میں گورو دوارہ دریا ر صاحب کرتار پور روانہ کیا جائے گا ۔ 12 اپریل کو یاتریوں کے دونوں گروپ گورودوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب پہنچیں گے۔ دونوں گروپ کے ارکان 13 اپریل کو گورو دوارہ سچا سودا فاروق آ باد کی یاترا کرنے کے بعد واپس ننکانہ صاحب میں قیام کریں گے۔14 اپریل کو وساکھی میلہ کی مرکزی تقریب گورودوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں منعقد ہو گی۔15 اپریل کو گورو دوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال سے ننکانہ آنے والا گروپ گردوارہ دربار صاحب کرتار پور روانہ ہوگا جبکہ دوسرا گروپ گردوارہ پنجہ صاحب کی یاترا کے لیے حسن ابدال روانہ ہوگا جہاں ایک روز قیام کے بعد 17 اپریل کو سکھ یاتریوں کے دونوں گروپ گردوارہ ڈیرہ صاحب لاہور پہنچیں گے ۔
یاتریوں کے دونوں گروپ اپنے شیڈول کے مطابق گردوارہ دربار صاحب کردار پور سے واپسی پر گورودوارہ روہڑی صاحب ایمن اباد کہ یاترا بھی کریں گے۔ بھارتی یاتری ایک روز لاہور میں قیام کے بعد دورہ پاکستان مکمل ہونے پر 19 اپریل کو بھارت واپس روانہ ہوں گے ۔

